کاسرگوڈیکم مئی (ایس او نیوز)کاسرگوڈ کے مالنگائی نامی علاقے میں ایک کار اور ایمبولینس کے درمیان ہونے والے خطرناک تصادم میں دوخواتین ہلاک ہوگئیں، جن کے نام مریم مفیدہ(۱۷سال) اور زلیخا(۶۰سال) بتائے جاتے ہیں۔
کاسرگوڈ منگلورو ہائی وے پر یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب چاقو زنی میں شدید زخمی ہونے والے ایک شخص کو علاج کے لئے منگلورو کی طرف لے جانے والی ایمبولینس سامنے سے آتی ہوئی کار سے ٹکرا گئی۔ مقامی لوگوں نے بڑی مشقت سے زخمی خواتین کو کار سے باہر نکالا اور انہیں اسپتال منتقل کیا مگر وہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔جبکہ ایمبولینس میں موجود زخمی کو دوسری سواری میں اسپتال روانہ کردیا گیا۔ اس حادثے کی وجہ سے کاسرگوڈ منگلورو ہائی وے پر کچھ دیر کے لئے ٹریفک جام ہوگئی تھی، جسے بعد میں پولیس نے بحال کردیا۔کُمبلے پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کیا گیا ہے۔